اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

سندھ روشن پروگرام کیس کے 2 ملزمان نے پلی بار گین کر لی

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: جعلی اکاؤنٹس کیس کے سلسلے میں سندھ روشن پروگرام میں نیب راولپنڈی کو ایک اور بڑی کامیابی مل گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ روشن پروگرام کیس کے 2 ملزمان نے پلی بار گین کر لی ہے، ملزمان 298 ملین روپے واپس کرنے پر راضی ہو گئے ہیں، ملزم ندیم یونس کی پلی بارگین کی درخواست پہلے ہی منظور ہو چکی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق ملزمان نے سندھ روشن پروگرام میں کرپشن کا اعتراف کر لیا ہے، اس کیس میں ایک ملزم عبدالشکور وعدہ معاف گواہ بن کر رہا ہو چکا ہے، ملزم عبدالستار کی بھی وعدہ معاف گواہ بننے کی درخواست منظور کر لی گئی ہے۔

ملزمان نے یہ بھی اعتراف کیا ہے کہ انھوں نے شرجیل میمن کی ایما پر سارا کام کیا۔

یہ بھی پڑھیں:  جعلی اکاؤنٹس کیس کے ملزمان کی 10 ارب 66 کروڑ روپے کی پلی بارگین

یاد رہے کہ ستمبر میں بھی قوم کا پیسا لوٹنے والوں سے وصولی کی گئی تھی، جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار عبدالغنی مجید سمیت 7 ملزمان نے 10 ارب 66 کروڑ روپے کی پلی بارگین کر لی تھی، ملزمان نے سندھ اور اسٹیل ملز کی سرکاری زمینوں میں بھی خرد برد کی تھی، پلی بارگین کے تحت ملزمان 266 ایکڑ سے زائد اراضی بھی واپس کریں گے۔

چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے ملزمان کی پلی بارگین کی درخواست منظور کی تھی۔ خیال رہے کہ انھوں نے کہا تھا کہ میری منظوری کے بغیر کوئی پلی بارگین نہیں ہوسکتی۔

رواں ماہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا تھا کہ آصف زرداری اور ان کے ساتھی 3 سے 4 ماہ میں پلی بارگین کر لیں گے۔

اہم ترین

مزید خبریں