لاہور : ضلعی انتظامیہ لاہور نے مسلم لیگ ن کو 21 اکتوبر کو نواز شریف کی آمد پر جلسے کی اجازت دیتے ہوئے این او سی جاری کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کو اکیس اکتوبر کو نواز شریف کی آمد پر مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت مل گئی، اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر نے این او سی جاری کردیا ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کو حلف نامے کے بعد مینار پاکستان جلسہ کرنے کی اجازت شرائط کیساتھ دی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے گریٹر اقبال پارک میں جلسے کے لیے مسلم لیگ ن کو شرائط و ضوابط بتاتے ہوئے کہا کہ جلسے کی انتظامیہ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی سے الگ سے اجازت لے گی پھر جلسہ کر سکے گی۔
ضلعی انتظامیہ کی طرف سے مسلم لیگ ن سے لیے گئے حلف نامے میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی قسم کا نقصان پہنچنے پر پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی رقم وصول کرے گی۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کی جانب سے جلسوں کا سلسلہ بھی جاری ہے، گزشتہ روزمسلم لیگ ن نے قصورمیں عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا تھا کہ ملک فیصلہ کن دوراہے پر کھڑا ہے اب غلطی کی گنجائش نہیں، نوجوان بےروزگار ،بجلی کے مہنگے بل قیامت ڈھا رہے ہیں، اشیائےخوردونوش کی قیمتیں آسمانوں سےباتیں کررہی ہیں، عوام کیلئے دو وقت کی روٹی پوری کرنامشکل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف اکیس اکتوبرکو ملک کومشکل سے نکالنے کاروڈ میپ دیں گے۔
ضلعی انتظامیہ نے ن لیگ کو مینار پاکستان جلسہ کی مشروط اجازت دیدی ہے، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کو مینار پاکستان جلسہ کرنے کی اجازت شرائط کیساتھ دی گئی ہے۔