کراچی : پلاٹ کی کھدائی کے دوران دیوار گرنے سے 5 گاڑیاں گڑھے میں گرگئیں، واقعے کے بعد مزدوراور ٹھیکیدار بھاگ کھڑے ہوئے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے گارڈن ویسٹ جیلانی مسجد کے قریب زیرتعمیر عمارت کیلئے کھدائی کے دوران حادثہ پیش آیا ہے۔
ہیوی مشینری کے استعمال سے برابر والے پلاٹ کی دیوار گرگئی، جس کے بعد 5 گاڑیاں گڑھے میں جاگریں۔
اس حوالے سے علاقہ مکینوں نے بتایا کہ زیرتعمیر عمارت پر کام کرنے والے مزدور اور ٹھیکیدار موقع سے فرار ہوگئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پہنچ گئی، پولیس کا کہنا ہے کہ زیرتعمیر عمارت کے برابر والے پلاٹ پر علاقہ مکینوں نے اپنی گاڑیاں پارک کر رکھی تھیں۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ حادثے کے باعث کروڑوں روپے مالیت کی گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا اس کا ازالہ کیا جائے۔