اسلام آباد : وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ قبائلی علاقوں میں پائیدار ترقی کے لیے براڈ بینڈ کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے براڈ بینڈ منصوبوں کے معاہدے کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
وزیراعظم پاکستان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیلی کام کی ترقی سے ملک کے تمام حصوں کومستفید کرنا ہے، معاہدوں کے لیے یو ایس ایف خدمات فراہم کررہا ہے۔
شاہدخاقان عباسی نے کہا کہ ٹیلی مواصلات کے شعبے نے ملک میں انقلاب برپا کردیا ہے، ملک کے دور دراز علاقوں میں بھی براڈ بینڈ سہولت فراہم کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت آئی ٹی کے شعبے میں ہرممکن سہولت فراہم کررہی ہے، سرمایہ کاری کے مواقع بہت زیادہ ہیں۔
خیال رہے کہ اس وقت ملک کے 5 ہزار دیہاتوں کو براڈ بینڈ کی سہولت فراہم کی جارہی ہے جبکہ اس نئے منصوبے سے خیبر ایجنسی، مہمند ایجنسی اور ڈی آئی خان کے علاقے مستفید ہوں گے۔