اسلام آباد: پاکستان سپرلیگ کے کامیاب انعقاد پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل نے قوم کو نئی خوشی اورجذبہ دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کراچی میں پی ایس ایل کا فائنل شہر کے عالمی تشخص میں تبدیلی لائے گا۔
وزیراعظم پاکستان نے پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد پرقوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل نے قوم کونئی خوشی اورجذبہ دیا ہے، حکومت ان خوشیوں کوبڑھانے کے لیے اسی جذبے سے کام کرتی رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے انعقاد میں صوبائی حکومت کا تعاون شامل ہے جبکہ اس میں مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا اہم کردار ہے۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کراچی کے امن اور خوشیوں کی بحالی میں نوازشریف کا ویژن شامل ہے، نوازشریف اور ویژن کے تحت حکومت قوم کو خوشیاں واپس لوٹا رہی ہے، معیشت کی بحالی، قیام امن، کھیلوں کا فروغ حکومتی کارکردگی کا ثبوت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے ہمیشہ ملک کواندھیروں سے نکال کرروشنیوں سے ہمکنارکیا، حکومت ان خوشیوں کوبڑھانے کے لیے اسی جذبے سے کام کرتی رہے گی۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پراپنے پیغام میں کہا کہ کراچی میں پی ایس ایل کا جشن دیکھ کر خوشی ہورہی ہے، میگاایونٹ کے لیے تعاون کرنے والوں کا شکرگزارہوں۔
مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ کراچی میں پی ایس ایل فائنل کرانے کا وعدہ پورا کردیا، ایک سال پہلے کراچی میں پی ایس ایل فائنل کا وعدہ کیا تھا، امید ہے کہ کراچی میں مزید کرکٹ بھی ہوگی۔
واضح رہے کہ پاکستان سپرلیگ کے تیسرے ایڈیشن کا فائنل آج کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں دفاعی چیمپئین پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا جس کے لیے تمام ترانتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔