لندن:وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے برطانوی دارالحکومت لندن میں سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کے لیے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وزیر خارجہ خواجہ آصف اور وزیر خزانہ اسحٰق ڈار آج صبح لندن میں حسن نواز کے دفتر پہنچے۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف سے ملاقات میں شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز اور ملکی سیاسی صورتحال کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف اور بیگم کلثوم نواز سے ملاقات کے بعد وزیر اعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے وفد کے ہمراہ امریکہ روانہ ہوجائیں گے۔
وزیر اعظم نے روانگی سے قبل جنرل اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کے حوالے سے بھی نواز شریف سے مشاورت کی۔
دوسری جانب دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی 18 ستمبر کو نیویارک میں شروع ہونے والے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 72 ویں اجلاس میں شرکت کریں گے۔
اس دوران وزیراعظم مختلف عالمی رہنماؤں اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے بھی دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسن نواز کے دفتر میں ہونے والی اس ملاقات میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وزیر خارجہ خواجہ آصف، وزیر خزانہ اسحٰق ڈار بھی وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے ہمراہ ہیں۔
وزیر خارجہ خواجہ آصف کی میڈیا سے گفتگو
سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کے بعد وزیر خارجہ خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملاقات کے بارے میں بتایا۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی ملاقات تھی اور سیاسی باتیں ہوئیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ این اے 120 کے نتائج آنے کے بعد مزید بات کریں گے۔ انتخاب میں فتح سے ہم کنار ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ دھاندلی کی شکایتیں آرہی ہیں، معاملہ الیکشن کمیشن میں اٹھائیں گے۔
این اے 120 کی امیدوار بیگم کلثوم نواز کی صحت سے متعلق انہوں نے بتایا کہ کلثوم نواز کی مزید سرجری ہوئی ہے۔ وہ صحتیابی کے بعد جلد وطن واپس لوٹ آئیں گی۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔