اسلام آباد: وزیراعظم نوازشریف نے تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں امن بحال ہوگا تو معیشت مضبوط ہوگی۔
وزیراعظم نوازشریف اسلام آباد میں رضاکارانہ ٹیکس ادائیگی اسکیم کی تقریب میں تاجربرادری سے خطاب کررہے تھے اوران کا کہنا تھا کہ تاجربرادری کے مسائل حل ہونے پرخوشی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ معیشت مضبوط ہوگی تو فوج مضبوط ہوگی، بیروزگاری کے خاتمے سے دہشت گردی کو بھی اپنے قدم جمانے کا موقع نہیں ملے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ٹیکس کی شرح کو اتنا نیچے لایا جائے گا کہ عوام قومی جذبے کے تحت ازخود ٹیکس اداکرکے ملک کو آگے لے جانے میں حکومت کی مدد کریں گے۔
تقریب سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ توانائی، دہشت گردی اور معاشی بدحالی جیسے مسائل درپیش ہیں تاہم چیلنجز سے گبرانے کے بجائے انہیں شکست دے کرآگے بڑھ رہے ہیں۔
وزیراعظم نے شرکاء کوبتایا کہ وفاقی حکومت نے توانائی منصوبوں میں بچت کرکے 90 ارب روپے کی بچت کی ہے۔
انہوں نے ایف بی آر افسران کو ہدایت دی کہ ان کے فیصلوں سے کسی بھی ٹیکس دہندہ کو تکلیف نہ ہو۔
دوسری جانب وزیراعظم سے قبل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرِخزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ رضاکارانہ ٹیکس ادائیگی اسکیم کی پارلیمنٹ سے منظوری لی جائے گی۔
تقریب میں تاجربرادری نے وزیراعظم نواز شریف اور وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈارکو سونے کے میڈل سے بھی نوازا۔