اتوار, نومبر 17, 2024
اشتہار

انسانی حقوق کا عالمی دن: مقبوضہ کشمیریوں کی سیاسی و سفارتی حمایت جاری رکھنے کا عہد

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغامات میں مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں پر توجہ دلائی اور کشمیریوں کے لیے اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دن اقوام متحدہ میں منظور کردہ انسانی حقوق کے شاندار عالمی منشور کی یاد دلاتا ہے، پاکستان کا آئین بھی اسی اقدار کی عکاسی کرتا ہے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ہم بحیثیت قوم مساوی حقوق اور وقار کے ساتھ یکساں اور آزاد پیدا ہوئے ہیں، ہر پاکستانی کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیئے کہ وہ اپنے شہری فرائض کو نہ بھولے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ اپنے بنیادی اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہ کریں۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ آج کے دن مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کو نہیں بھولنا چاہیئے، اقوام متحدہ اور عالمی برادری نہتے کشمیریوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی اپنے پیغام میں کہا کہ ہمیں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے وژن کو فراموش نہیں کرنا چاہیئے، پاکستان کا آئین تمام شہریوں کے بنیادی حقوق کے اس وژن کی ترجمانی کرتا ہے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یہ سال پاکستان کے لیے خاصا مشکل رہا ہے، سیلاب کی تباہ کاریوں اور دہشت گردی کے خطرات کی وجہ سے عوام نے بہت نقصان اٹھایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت انسانی حقوق پر مرکوز حکمت عملی اپنانے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے، ہمیں پائیدار ترقی کے ایجنڈے 2030 کے تحت یکجہتی کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیئے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ لازم ہے کہ ہم مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کا بغور جائزہ لیں، حق خود ارادیت لوگوں کی اجتماعی اور انفرادی آزادی کا نام ہے، فوجی کارروائیوں کے ذریعے کشمیریوں کے حق آزادی کو کچلنے کی کوشش کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان حق خود ارادیت کے لیے اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کا بھی عہد کرتا ہے، نہ صرف آج بلکہ ہر دن حکومت سب کے لیے انصاف، مساوات، وقار اور انسانی حقوق کے لیے کام کرتی رہے گی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں