مظفر آباد : وزیراعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان پر حملے کا سوچے بھی نہیں، ایسا منہ توڑ جواب ملے گا کہ جس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔
یہ بات انہوں نے مظفر آباد میں صھافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ فاروق حیدر نے کہا کہ بھارتی فوج وادی پر قابض ہے، کشمیریوں کے دل میں بھارت سے نفرت ہی نفرت ہے، بھارتی وزیراعظم کی ایما پر کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں۔
جموں و کشمیر میں مسلمانوں پر حملوں کی ماسٹر مائنڈ را ہے، انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے بھارت کو فوری جواب دینے کا ٹھیک اعلان کیا ہے، پوری قوم بھارت کے خلاف ایک ہے، بہادر کشمیری عوام پاک مسلح افواج کے ساتھ فرنٹ لائن پر کھڑے ہوں گے۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت کو شکست دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، ہر عالمی فورم پر بھارت کا بھرپور مقابلہ کروں گا، بھارتی فوج کشمیریوں پر مظالم کا سلسلہ بند کرے۔
مزید پڑھیں: بھارت کی دھمکیوں سےمرعوب نہیں ہوں گے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی
خیال رہے وزیراعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں بھارت کو پیشکش کی تھی کہ بھارت کے پاس پلواما حملے کے ثبوت ہے تو پیش کرے کارروائی کریں گے اور واضح کیا تھا اگر بھارت نے پاکستان پر حملہ کیاتوجواب دینے کاسوچیں گے نہیں بلکہ جواب دیں گے۔