اسلام آباد: وزیرِ اعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر نے مسئلہ کشمیر کو ڈیڑھ کروڑ عوام کی زندگی اور موت کا مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تحریکِ آزادیٔ کشمیر کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کا وقت آ گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے وزیرِ اعظم فاروق حیدر نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر ڈیڑھ کروڑ عوام کی زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، وقت آ گیا ہے کہ کشمیر کی آزادی کی جدوجہد کو دنیا بھر میں اجاگر کیا جائے۔
وزیرِ اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ پاکستان ہمارا ہم درد اور دنیا میں ہمارا اکلوتا وکیل ہے، دنیا سمجھے کہ پاک بھارت کشیدگی کی بنیاد مسئلہ کشمیر ہے۔
فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کا حل سہ فریقی مذاکرات کے مطابق ممکن ہے، پاکستان محفوظ تو تحریک آزادی بھی مضبوط ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مودی حکومت کا مقبوضہ کشمیر کے اخبارات کے خلاف کریک ڈاؤن
انھوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں کشمیری قیادت متفقہ لائحہ عمل طے کرے گی، پاکستان اور تحریک آزادی کشمیر کے مفاد میں ہمیں اکٹھے ہونا ہے۔
یاد رہے کہ مودی حکومت کی ایما پر مقبوضہ کشمیر سے چھپنے والے اخبارات کے خلاف بھی کٹھ پتلی انتظامیہ نے کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ہے، ان اخبارات نے وادی میں بھارتی افواج کے مظالم پر خاموش رہنے سے انکار کر دیا تھا۔