اسلام آباد : وزیراعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر نے کہا ہے کہ بھارتی فوج دنیا کی بزدل ترین فوج ہے، اس کے لیے آزاد کشمیر کی عوام ہی کافی ہیں۔
یہ بات انہوں نے بھارتی آرمی چیف جنرل بپن راوت کے حالیہ بیان پر اپنے رد عمل میں کہی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے بھارتی آرمی چیف جنرل بپن راوت کی دھمکیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج چند سو مقامی مجاہدین کے سامنے بےبس ہے۔
یہ فوج مقبوضہ کشمیر میں صرف معصوم بچوں، عورتوں اور نہتے کشمیریوں پر ہی ظلم کرسکتی ہے، بھارتی فوج پاک فوج کامقابلہ نہیں کرسکتی۔
فاروق حیدر کا مزید کہنا ہے کہ بھارتی فوج دنیا کی بزدل ترین فوج ہے بلکہ بھارتی فوج کو فوج کہنا فوج کی توہین ہے، بزدل بھارتی آرمی چیف اور فوج کیلئے آزادکشمیر کی عوام ہی کافی ہیں۔
واضح رہے کہ بھارتی آرمی چیف جنرل بپن راوت نے گیدڑ بھبکیاں مارتے ہوئے بیان جاری کیا تھا کہ وقت آگیا ہے پاک فوج اور دہشت گردوں سے بدلہ لیا جائے، پاکستان کو جواب دیا جائے گا۔
اس کے جواب میں پاک فوج کے ترجمان نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم جنگ کے لیے پوری طرح تیار ہیں، ہماری امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔