اسلام آباد : وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے بھارتی آف چیف کو للکارتے ہوئے کہا ہے کہ جنرل منوج ہم لائن آف کنٹرول پر تمہارا انتظار کررہے ہیں، ہمت ہے تو آگے آکر دکھاؤ۔
یہ بات انہوں نے بھارتی آرمی چیف کی جانب سے آزاد کشمیر لینے کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہی، انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج آزاد کشمیر کی جانب ایک انچ بھی آگے بڑھی تو ہم اپنی فوج کے شانہ بشانہ لڑیں گے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اگر غلطی سے ایسی کوشش بھی کی تو پھر لڑائی ایل اوسی کی دوسری جانب لڑی جائے گی۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ جنرل منوج ہم لائن آف کنٹرول پر تمہارا انتظار کررہے ہیں، تم پاک سرزمین کی جانب بڑھ کرتو دیکھو۔
ہندوستانی فوج کے پاس اتنے تابوت نہیں ہوں گے جتنے تم اپنے فوجیوں کے جنازے اٹھاؤ گے، پتھروں سے ڈرنے والی بھارتی فوج میں اتنی ہمت نہیں کہ آزاد کشمیر کی طرف میلی آنکھ سے بھی دیکھے۔
مزید پڑھیں : بھارتی آرمی چیف کے بیانات فالس فیلگ آپریشن کی طرف اشارہ کرتے ہیں، ترجمان دفتر خارجہ
علاوہ ازیں اس سے قبل پاکستان نے بھارتی آرمی چیف کے غیر ذمہ دارانہ بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی بیانات فالس فیلگ آپریشن کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی آرمی چیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر حالات خراب کرنے کے حوالے سے بھارتی فوجی قیادت کے بیانات قابلِ مذمت ہیں۔
ترجمان نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کے عزم اور تیاری کے بارے میں کوئی شک نہیں ہونا چاہیئے، بھارت کے کسی بھی جارحانہ اقدام پر سخت جواب دیا جائے گا۔