پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

ریاست مدینہ کے بعد سب سے بڑا انعام پاکستان ہے‌، وزیراعظم آزاد کشمیر

اشتہار

حیرت انگیز

مظفرآباد : وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ ریاست مدینہ کے بعد سب سے بڑا انعام پاکستان ہے، پاکستان کی تکمیل کیلئے کشمیریوں نے بے مثال قربانیاں دیں، پاکستان قیامت تک قائم رہے گا۔

تفصیلات کے مطابق ایوان صدر آزادکشمیر میں پرچم کشائی کی تقریب ہوئی، صدر آزادکشمیر مسعود خان نے تقریب میں پرچم کشائی کی، وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ریاست مدینہ کے بعد سب سے بڑا انعام پاکستان ہے، 1906میں مسلم لیگ کاقیام انقلابی پیش رفت تھی اور بانی پاکستان قائد اعظم اتحاد کے سفیر تھے۔

راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ نہرو رپورٹ سامنے آئی تو قائداعظم نے کانگریسی عزائم بھانپ لیے، مفکرپاکستان نے پاکستان کا خواب دیکھا ، 10 سال میں جمہوری بنیاد پر پاکستان کا قیام عمل میں آیا۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ یہ ملک پاکستان بہت قربانیوں کا ثمر ہے ، قائداعظم کے فرمودات ہمارے لیے مشعل راہ ہیں ، قائد اعظم جب علیل تھے تب بھی کشمیر کیلئےفکر مند تھے ، قائد اعظم کہتے تھے مسلمان مصیبت میں گھبرایا نہیں کرتے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان قیامت تک قائم رہے گا، تحریک تکمیل پاکستان منطقی انجام تک پہنچے گی، کشمیر کی لسانی مذہبی ثقافتی زندگی کو مسخ کیا جارہا ہے ، ایک مستحکم پاکستان کشمیریوں کا بہترین وکیل بن سکتا ہے۔

راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ پاک فوج ہماری حفاظت کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے ، پاکستانی عوام سے توقع ہے آخری دم تک ساتھ کھڑے رہیں گے، پاکستان کی تکمیل کیلئے کشمیریوں نے بے مثال قربانیاں دیں، یہ نقشہ کشمیریوں نے اپنے خون سے مکمل کیا ہے اس کی حفاظت بھی کریں گے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان کے شہدا کا خون آج بھی ہماری سرحدوں پر تازہ ہے ، شہدا کی خوشبو آج بھی ہماری سرزمین کو معطر کر رہی ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں