اسلام آباد : وزیراعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر نے کہا ہے کہ کشمیری پاکستان سےالحاق کےعلاوہ سوچ بھی نہیں سکتے اس کے برعکس چھپنے والے لغو بیان ہے جس کی پُر زور مذمت کرتا ہوں.
وزیراعظم آزاد کشمیرفاروق حیدر پریس کانفرنس میں گزشتہ روز ایک اخبار میں چھپنے والے اپنے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مذکورہ اخبار نے میرے بیان کو توڑ مروڑ پیش کیا جس سے صرف میری ہی نہیں بلکہ ایک کشمیری کشمیری کی دل آزاری ہوئی ہے.
وزیراعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ گزشتہ روزسپریم کورٹ کے فیصلے پرخیالات کا اظہار کیا تھا جس کے ایک ایک حرف پر قائم ہوں تاہم کشمیر کے الھاق سے متعلق میری بات کو حقائق کے منافی پیش کیا گیا جس کی بھرپور مذمت کرتا ہوں.
راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور اگر کوئی پاکستان کے خلاف بات کرے تو ہمیں زیادہ تکلیف ہوتی ہے یہی وجہ ہے کل بحیثیت کشمیری اپنی گفتگومیں تشویش کا اظہار کیا تھا.
تاہم میرے بیان کو ایسے پیش کیا گیا جیسے میں الحاق کشمیر کے حوالے سے مستند، متفق اور ازلی نظریے سے روح گردانی کرتے ہوئے کسی دوسرے آپشن کی طرف اشارہ دیا ہو جس پر شدید احتجاج کرتا ہوں.
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ کشمیری پاکستان کے پرچم میں دفن ہوتے ہیں اور الحاق پاکستان کے علاوہ کسی دوسرے آپشن کا سوچ بھی نہیں سکتے تاہم ایک اخبار سوچی سمجھی سازش کے تحت کشمیریوں کے جذبات سے کھیلنے کی کوشش کی ہے.