برسلز: وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو تقسیم کرکے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی، مودی جارحیت دنیا کے سامنے ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر بیلجیم کے دارالحکومت برسلزمیں منعقد ہونے والی کشمیر ویک میں شریک ہوئے، اس موقع پرا نہوں نے مودی کے ناپام عزائم سے آگاہ کیا۔
کشمیر ای یو ویک کے دوسرے سیشن میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا، اس موقع پر یورپین پارلیمنٹ کے ممبران اور سول سوسائٹی کے افراد شریک ہوئے۔
دوران سیمنار اراکین یورپی پارلیمنٹ نے عالمی برادری سے مسئلہ کشمیر پرکردار ادا کرنے پر زور دیا۔ تقریبات کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنا ہے۔
راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ غاصبانہ قبضے کے خلاف ہم ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے۔ دریں اثنا چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے کہا کہ تقریب کا مقصد تنازعہ کشمیر کے حقائق کو دنیا کے سامنے لانا ہے۔
ہندوستان میں اس وقت آر ایس ایس کی حکومت ہے: مشال ملک
دوسری جانب حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں1947میں جو ہوا 2019 میں دوبارہ وہی ہورہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں آر ایس ایس اور ڈوگرا کے غنڈوں نے لاکھوں لوگوں کو شہید کیا۔
خیال رہے کہ مقبوضہ وادی میں سخت کرفیو اور کریک ڈاؤن تاحال برقرارہے، عالمی برادری اور رہنماؤں کی جانب سے دباؤ کے باوجود مودی اپنے ناپاک عزائم سے باز نہ آیا۔