کراچی: وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ مودی اور ہٹلر میں کوئی فرق نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کو آر ایس ایس ہائی جیک کرچکی ہے، مودی اور ہٹلر میں کوئی فرق نہیں ہے۔
راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کا آخری الیکشن جنوری 1947 میں ہوا تھا، اس وقت مسلمان اراکین نے پاکستان سے الحاق کی قرارداد منظور کی تھی، 14 اگست کو مقبوضہ کشمیر میں بھی پاکستانی جھنڈے لہرائے گئے تھے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ 72 سال سے کشمیریوں کو رائے شماری کا حق نہیں ملا، 6 نومبر 1947 کو کشمیر پر بھارتی حملے میں ہزاروں لوگ شہید ہوئے تھے۔
مزید پڑھیں: امریکا اور اقوام عالم مسئلہ کشمیر کے حل میں کردار ادا کریں، راجہ فاروق حیدر
راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ بھارتی فوج 95 ہزار 451 کشمیریوں کو شہید کرچکی ہے، 22 ہزار سے زیادہ خواتین بیوہ، ایک لاکھ سے زائد بچے یتیم ہوچکے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل راجہ فاروق حیدر نے کہا تھا کہ امریکا اور اقوام عالم مسئلہ کشمیر کے حل میں کردار ادا کریں۔
وزیراعظم ازاد کشمیر نے کہا تھا کہ مسئلہ کشمیر دو ممالک کے درمیان تنازع نہیں ہے، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے کبھی کشمیر کو زمینی مسئلہ نہیں سمجھا ہے، پاکستان نے مسئلہ کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل پر زور دیا ہے۔