اسلام آباد: وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ بھارت عیار دشمن ہے اس کی چالوں کو سمجھنا ہوگا، بھارت مقبوضہ کشمیر کی آبادی کو آزاد کشمیر کی طرف دھکیلنا چاہتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت میں آر ایس ایس نے بی جے پی کو ہائی جیک کر رکھا ہے، مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور لاک ڈاؤن کو 100دن ہو چکے ہیں، بھارتی جارحیت وادی میں تاحال برقرار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کی آبادی کو آزاد کشمیر کی طرف دھکیلے گا، پاکستان بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم میں رکاوٹ ہے، پاکستان مظلوم کشمیریوں کی آواز ہے۔
راجہ فاروق حیدر کا مزید کہنا تھا کہ کشمیری کبھی بھارت کو نہیں مانیں گے، بھارت آزادی کی تحریک نہیں دباسکتا۔
خیال رہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کےحوالے سے وزیرخارجہ کا خصوصی پیغام میں کہنا تھا کہ معصوم بچوں اور عورتوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے، خوراک اور دواؤں تک رسائی نہیں، موت کے سائے منڈلا رہے ہیں، پاکستان محبتوں کی راہداریاں کھول رہا ہے، لیکن مودی کی جارحیت برقرار ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں کرفیو کو 100دن گزر چکے ہیں، مودی سرکار نے 80لاکھ نہتے کشمیریوں کو محصور بنا رکھا ہے، مظلوم کشمیری بھارتی جبرواستبداد کی چکی میں پس رہے ہیں۔
مظلوم کشمیری بھارتی جبرواستبداد کی چکی میں پس رہے ہیں: شاہ محمود
یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی جارحیت بدستور جاری ہے اور وادی میں لاک ڈاؤن کو 100 روز مکمل ہوچکے ہیں، کشمیری روز مرہ کی ضروری اشیا خریدنے سے بھی قاصر ہیں، دودھ بچوں کی خوراک، ادویات سب ختم ہو چکا ہے۔