اسلام آباد: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے گلگت بلتستان کونسل اجلاس کی صدارت کی جس میں گلگت بلتستان کے لیے 2.4 ارب روپے کے بجٹ کی منظوری دے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے گلگت بلتستان کونسل اجلاس کی صدارت کی۔
دوران اجلاس انہوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں جمہوریت کا تسلسل خوش آئند ہے۔ گلگت بلتستان کونسل کے اجلاس تسلسل سے ہونے چاہئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی حکومت نے علاقے کی ترقی کے لیے حقیقی معنوں میں کام کیا، ’مسلم لیگ ن واحد جماعت ہے جو کام پایہ تکمیل تک بھی پہنچاتی ہے۔ ہماری حکومت نے پہلی بار دیامر بھاشا ڈیم پر کام شروع کروایا۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان پاک چین اقتصادی راہداری سے بے پناہ استفادہ کرسکتا ہے، ’سی پیک ایسا منصوبہ ہے جس کے فوائد صدیوں تک ملیں گے‘۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کےلوگ پاکستان سے مثالی محبت کرتے ہیں۔
گلگت بلتستان کونسل اجلاس میں گورنر میر غضنفر علی خان اور وزیر اعلیٰ حفیظ الرحمٰن نے بھی شرکت کی۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔