جمعرات, جولائی 3, 2025
اشتہار

وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کرلیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کرلیا، اجلاس میں 11 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کا طلب کردہ اجلاس کل بروز جمعرات وزیر اعظم کے دفتر میں ہوگا۔ اجلاس میں وزرا اپنے متعلقہ محکموں کو دیے گیے اہداف کے متعلق رپورٹ دیں گے۔ مختلف ٹاسک فورسز بھی اب تک کی کارکردگی کے متعلق بریفنگ دیں گی۔

اجلاس میں عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ جاری مذاکرات کے متعلق کابینہ کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ اجلاس کے لیے وزارتوں کو 100 روزہ پلان پر کارکردگی رپورٹ کی حتمی شکل دینے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 11 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا جو جاری کردیا گیا ہے۔

اجلاس کے ایجنڈے میں آذر بائیجان سے سزا یافتہ قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کی توثیق شامل ہے۔ طاہر امام بخش بنام حکومت پاکستان رٹ پٹیشن پر کابینہ سے رہنمائی لی جائے گی علاوہ ازیں وی آئی پی فلائٹس سے متعلق ایریل ورک لائسنس کی توسیع کی منظوری بھی شامل ہے۔

ایجنڈے میں کار بنانے والی کمپنی کی پابندی کے حامل آئٹمز کو کابل سے منگوانے کی منظوری بھی شامل ہے۔ وفاقی کابینہ نیشل ٹیلی کمیونیکیشن کے نظر ثانی بجٹ کا بھی جائزہ لے گی جبکہ نیشنل ہیلتھ سروسز اور روانڈا میں تعاون کے پروگرام کی بھی منظوری دی جائے گی۔

اجلاس میں پاک افغان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے شعبےمیں تعاون کی یادداشت (ایم او یو) کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ کابینہ پی ٹی ڈی سی کے مینیجنگ ڈائریکٹر کے اضافی چارج سے متعلق بھی فیصلہ کرے گی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم نے پاکستان تحریک انصاف سندھ کے ارکان قومی اسمبلی کے اجلاس کی بھی صدارت کی تھی۔ اجلاس میں سندھ کی ترقی اور مسائل کے حل پر گفتگو ہوئی۔

اجلاس میں وزیر اعظم کو کراچی کے عوام کے پینے کے پانی اور سیوریج مسائل سے آگاہ کیا گیا جبکہ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وزیر اعظم کے اعلان کردہ کراچی پیکج کی پیشرفت پر بھی بریفنگ دی تھی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں