اسلام آباد : الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیراعظم کی نا اہلی سے متعلق درخواستوں پروزیر اعظم سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 6 ستمبر تک کو جواب طلب کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان میں وزیر اعظم نواز شریف کی نا اہلی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی سماعت کے بعد الیکشن کمیشن نے وزیر اعظم سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 6 ستمبر کو جواب طلب کرلیا ہے۔
آج سماعت کے دوران اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے سردار لطیف کھوسہ اور دیگر پیش ہوئے جب کہ حکمران جماعت کی جانب سے ارکان قومی اسمبلی دانیال عزیز، طلال چوہدری اور مائزہ حمید گجر سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔
سماعت شروع ہوئی تو پاکستان پیپلز پارٹی کے وکیل لطیف کھوسہ نے اپنے دلائل دیے جس کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے وکیل نے الیکشن کمیشن کے سامنے اپنا موقف پیش کیا۔
امید کیا جارہی ہے کہ وزیر اعظم اور ان کے اہل خانہ میں سے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، بیٹی مریم صفدر،داماد کیپٹن صفدر اور بھتیجے حمزہ شہباز اپنے اپنے وکیل کے ذریعے الیکشن کمیشن میں 6 ستمبر کو جواب جمع کروائیں گے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم نواز شریف اور اُن کے اہل خانہ کے وہ افراد جو رکن اسمبلی بھی ہیں کے خلاف پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان تحریک انصاف ، پاکستان عوامی تحریک ، عوامی مسلم لیگ کی جانب سے نااہلی کیلئے الیکشن کمیشن میں درخواستٰیں جمع کرائی گئی تھیں جس کی سماعت آج مکمل کی گئی ہے۔