اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر اہم اجلاس ہوا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کشمیریوں کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی مدد جاری رکھیں گے۔ اجلاس میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت سے بین الاقوامی برادری کو آگاہ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت ایل او سی کی صورتحال پر اہم اجلاس ہوا جس میں وادی نیلم میں مسافر بس پر حملے کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیر اعظم نواز شریف کو بریفنگ دی گئی کہ بھارتی فوج نے مسافر بس کو دانستہ نشانہ بنایا۔ اس کے بعد بھارتی فوج نے زخمیوں کو لانے والی ایمبولینسز کو بھی نشانہ بنایا۔
بھارتی فوج کی وادی نیلم میں مسافر بس پر فائرنگ، 9 شہری شہید *
اجلاس میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت سے بین الاقوامی برادری کو آگاہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ عالمی برادری پر زور دیا جائے گا کہ ایل او سی پر بگڑتی صورتحال کم کرنے کے لیے کردار ادا کرے۔ عالمی برادری بھارت کی طرف سے کشیدگی بڑھانے کا نوٹس لے۔ اجلاس میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت سے نمٹنے پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی مدد جاری رکھیں گے۔ اجلاس میں مادر وطن کے دفاع کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہیدوں کی جرات اور بہادری کو بھی خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
بھارتی فوج کی فائرنگ، 3 فوجی شہید، 7 بھارتی فوجی ہلاک *
اجلاس میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز، مشیر قومی سلامتی، ڈی جی آئی ایس آئی سمیت اعلیٰ حکام شریک تھے۔