اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کابینہ کی نجکاری، سی پیک اور توانائی کمیٹیاں تشکیل دے دیں، توانائی کمیٹی کے چیئرمین وزیرپٹرولیم غلام سرور خان، نجکاری کمیٹی کے چیئرمین وزیر خزانہ اسد عمر اور سی پیک کمیٹی کے چیئرمین خسرو بختیار ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے کابینہ کی نجکاری، سی پیک، توانائی کمیٹیاں تشکیل دیں، توانائی کے لیے کابینہ کی 6 رکنی کمیٹی بنائی گئی ہے، جس کے چیئرمین وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان ہوں گے۔
توانائی کمیٹی
وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ ارکان میں وزرائے، خزانہ ، منصوبہ ، ریلوے ، مشیر تجارت و ٹیکسٹائل اور صنعت و پیداوار بھی کمیٹی میں شامل ہوں گے جبکہ سیکریٹری کابینہ ڈویژن بھی توانائی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔
کمیٹی برائے نجکاری
فوادچوہدری نے کہا وزیراعظم نے 7 رکنی کابینہ کمیٹی برائے نجکاری بھی تشکیل دی، نجکاری کمیٹی کے چیئرمین وزیر خزانہ اسد عمر ہوں گے، کمیٹی میں
مشیر تجارت و ٹیکسٹائل، صنعت وپیداوار بھی کمیٹی میں شامل ہوں گے جبکہ وزرائے قانون، منصوبہ بندی نجکاری کمیٹی کے ممبر ہوں گے۔
وزیراعظم کے مشیر ادارہ جاتی اصلاحات اور کفایت شعاری کمیٹی بھی شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے سی پیک کے حوالے سے بھی کمیٹی تشکیل دی ہے ، سی پیک کمیٹی کے ارکان کی تعداد 9 ہے اور وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار چیئرمین ہوں گے۔
سی پیک کمیٹی
وزیراطلاعات نے کہا سی پیک کمیٹی میں وزرائےخارجہ،قانون،خزانہ،پیٹرولیم،ریلوے ، وزیر مملکت داخلہ، مشیر تجارت، صنعت وسرمایہ کاری شامل ہوں گے جبکہ سیکرٹری کابینہ ڈویژن بھی کابینہ کمیٹی سی پیک کے ممبر مقرر کردیئے گئے ہیں، کابینہ نے تینوں کمیٹیوں کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تینوں امیدواروں کے درمیان اچھا مقابلہ چل رہاہے، ہم نے فاٹا کے انضمام کی طرف قدم اٹھایا، عارف علوی کی پارٹی نظریےسےکمٹمنٹ شک وشبہات سے بالاترہے۔
فوادچوہدری نے کہا شدت پسندوں کے سامنے نہیں جھکیں گ اور اقلیتوں کےحقوق کی حفاظت کریں گے، ہرمسلمان کافرض ہےکہ وہ اقلیتوں کےحقوق کی حفاظت کرے۔