اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے گندم، آٹا ذخیرہ اندوزی کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت گندم کی ضروریات،آٹے کی قیمتوں پر اہم اجلاس ہوا، جس میں پنجاب،کے پی میں گندم پیداوار، خرید، اسٹاک،ضروریات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ملک بھر میں آٹے اور گندم کی وافر دستیابی کو یقینی بنانے سمیت گندم کی بین الصوبائی نقل و حرکت پر پابندیاں فوری اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گندم کی نقل وحرکت روکنے کے لیے چیک پوسٹیں ختم کرنے کے ساتھ گندم درآمد کی اجازت دی جائے گی،گندم درآمد نجی شعبے کے ذریعے کی جائے گی،مقدار کی پابندی نہیں ہوگی۔
اجلاس میں گندم کی درآمد پر عائد ڈیوٹی مکمل طور پر ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا،اس وقت گندم درآمد پر 6 فیصد اور اضافی 2 فیصد ڈیوٹی عائد ہے۔
وزیراعظم نےگندم،آٹے کی بیرون ملک اسمگلنگ کی روک تھام یقینی بنانے اور گندم،آٹا ذخیرہ اندوزی کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔