اسلام آباد: وزیراعظم شاہدخاقان ڈی ایٹ کانفرنس میں شرکت کیلئے ترکی روانہ ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ترکی کے دورے پر روانہ ہوگئے، وزیرخارجہ خواجہ آصف بھی انکے ہمراہ ہیں وزیراعظم استنبول میں ڈی ایٹ کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کرینگے۔
وزیراعظم شاہدخاقان ڈی ایٹ کانفرنس کی سربراہی ترکی کے حوالے کرینگے جبکہ کانفرنس کےدوران وزیراعظم کی رکن ممالک کےسربراہان سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔
خواجہ آصف وزراء کی کونسل میٹنگ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔۔
خیال رہے کہ سال 2012 میں اسلام آ باد میں ہونے والی ڈی ایٹ کانفرنس میں پاکستان کو صدر چنا گیا تھا اس وقت صدارتی نشست پاکستان کے پاس ہے۔
ڈی ایٹ کانفرنس 20 اکتوبر کو استنبول میں ہوگی۔
واضح رہے کہ ڈی ایٹ مسلم دنیا کی ابھرتی ہوئی آٹھ معاشی طاقتوں پر مشتمل ایک تنظیم ہے، جس کا قیام 1997 میں عمل میں آیا، تنظیم کا مقصد رکن ملکوں کے درمیان معاشی اور تجارتی تعاون کو فروغ دینا ہے۔
اس میں بنگلادیش، ترکی، مصر، انڈونیشیا ، پاکستان، نائجیریا، ایران اور ملائیشیا رکن ممالک ہیں۔