اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے کراچی میں زیر حراست اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کی صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور حلیم عادل شیخ کی صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وزیراعظم کو حلیم عادل شیخ پرپولیس تحویل میں تشدد اور غیر انسانی برتاؤ کی تفصیل سےآگاہ کرتے ہوئے شکایت کی سندھ پولیس آئی جی کی سربراہی میں جانبداری کامظاہرہ کر رہی ہے، آئی جی سندھ سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔
بعد ازاں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے 4بجے اہم پریس کانفرنس طلب کرلی ، ذرائع کا کہنا ہے کہ پریس کانفرنس میں حلیم عادل شیخ پر تشدد ، آئی جی سندھ کے رویے پر بات ہوگی۔
اس سے قبل وزیرداخلہ شیخ رشید نے اپوزیشن لیڈرحلیم عادل شیخ کیساتھ نارواسلوک کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکریٹری سندھ سے رپورٹ طلب کرلی تھی۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ حلیم عادل شیخ معزز رکن سندھ اسمبلی اور اپوزیشن لیڈر ہیں ، ان کے بنیادی انسانی حقوق کا خیال رکھا جائے اور ان کو ضروری طبی سہولتیں مہیا کی جائیں۔