اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف، سابق صدر پرویز مشرف اور سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سمیت متعدد سیاسی رہنماؤں نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کو ٹیلی فون کیے اور ان سے اظہار عیادت کیا، ڈی جی رینجرز نے اہلکاروں کا دستہ بھیجا اور پھول پیش کیے۔
وزیراعظم نواز شریف نے ٹیلی فونک گفت گو میں فاروق ستار سے ان کی خیریت دریافت کی اور نیک تمنائوں کا اظہارکیا ساتھ ہی ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے والے دیگر ساتھیوں کی بھی خیریت دریافت کی۔
فاروق ستار نے ان کا شکریہ ادا کیا، عید کی پیشگی مبارک باد پیش کی اور کہا کہ امید کرتا ہوں کہ ملک بھر میں عید الاضحیٰ امن و امان اور عافیت کے ساتھ گزرے گی۔جواب میں وزیراعظم نے بھی انہیں عید کی پیشگی مبارک باد پیش کی۔
آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ و سابق صدر جنرل(ر) پرویز مشرف نے فاروق ستار کو ٹیلی فون کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔
پیپلز پارٹی کے رہنما و سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے فاروق ستار کو ٹیلی فون کرکے عیادت کی۔
پیپلز پارٹی کے ہی سینیٹر رضا ربانی نے ٹیلی فون کیا، گل دستہ بھیجا اور خیریت دریافت کی۔
ن لیگ کے رہنما نہال ہاشمی نے ان کے لیے دعائے صحت کی۔
جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان کی قیادت میں وفد نے اسپتال میں جا کر فاروق ستار سے عیات کی اور ان سمیت نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے اہلکاروں کا دستہ بھیجا جنہوں نے خیریت دریافت کرنے کے ساتھ ساتھ متحدہ رہنما کو پھول بھی بھیجے۔
DG Rangers, Corps Commander send Farooq Sattar… by arynews
فاروق ستار نے پولیس کو بیان ریکارڈ کرادیا
دریں اثنا ڈاکٹر فاروق ستار نے پولیس کو حادثے سے متعلق اپنا بیان ریکارڈ کرادیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ گاڑی کو حادثہ خطرناک موڑ اور رکاوٹوں کے سبب پیش آیا،حادثے کو حادثہ ہی رہنے دیا جائے، میرے ساتھیوں کو چوٹیں آئی جس کا افسوس ہے۔