اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کی ہم منصب جیسنڈا آرڈرن کو الیکشن میں شاندار کامیابی پر مبارک باد پیش کی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن کو انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آپ کے شفقت آمیز طرز عمل نے نیوزی لینڈ ہی نہیں بلکہ پاکستان میں بھی دل جیت لیے۔
وزیراعظم نے کہا کہ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین دوستانہ تعلقات میں مزید پختگی اور تعاون میں وسعت کا خواہاں ہوں۔
Warmest congratulations to @jacindaardern on her impressive victory in #NZelections2020. Her compassionate style of leadership has won hearts not just in NZ but in Pakistan too. Looking forward to expanding cooperation and further strengthening bonds of friendship between 🇵🇰&🇳🇿
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) October 17, 2020
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کی حکمران جماعت کی لیبر پارٹی کو اگلے 3 سال حکومت کرنے کا ایک اور موقع مل گیا ہے، جیسنڈا آرڈرن کی اس کامیابی کے ساتھ ہی ان کی حریف جماعت نے شکست تسلیم کر لی۔
اپوزیشن جماعت نیشنل پارٹی کی رہنما جوڈتھ کولنز نے اپنےحامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لیبر پارٹی نے انتخابات میں غیر معمولی نتائج حاصل کیے، جس پر انھوں نے وزیرِ اعظم جیسنڈا آرڈرن کو ٹیلی فون کر کے مبارک باد دی ہے۔
یاد رہے کہ اس مرتبہ کے انتخابات میں آرڈرن کا مقابلہ دائیں بازو کی قدامت پسند رہنما جوڈتھ کولنز سے تھا، کولنز کی پارٹی نے لیبر پارٹی کے مقابلے میں 27 فی صد نشستیں حاصل کی ہیں جب کہ لیبر پارٹی نے تقریباً 50 فی صد نشستیں حاصل کر لی ہیں، تاہم ووٹنگ کے نتائج کا سرکاری اعلان تاحال نہیں کیا گیا ہے۔