جہلم: وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی وجہ سے صدیوں سے پیاسی دھرتی کو پانی مل رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں وفاقی وزیر فواد چوہدری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جہلم کی تمام نشستوں سے تحریک انصاف کامیاب ہوئی، ضلع بھر سے ہزاروں لوگ آج اس تقریب میں شریک ہیں، وزیراعظم عمران خان کا علاقے کا یہ تیسرا دورہ ہے۔
وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی وجہ سے صدیوں سے پیاسی دھرتی کو پانی مل رہا ہے، اس منصوبے سے ایک لاکھ 72 ہزارایکڑ زمین سیراب ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ تونسہ شریف اور ڈی جی خان بھی ہمارے ہی شہر ہیں، نہر سے عوام کو پینے کا صاف پانی بھی میسر ہوگا، ماضی کے حکمرانوں نے ان علاقوں کو نظرانداز کیا، شہبازشریف نے پنجاب کے ساتھ زیادتی کی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ جہلم کی صنعت 300 ارب روپے قومی خزانے میں ڈالتی ہے، جہلم بائیو ٹیکنالوجی پارک کا منصوبہ پاکستان کو سلیکون ویلی بنا دے گا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے گزارش کی کہ جہلم کو فیوچرسٹی کے تحت ترقی دی جائے۔
واضح رہے کہ منصوبہ سنہ 2024 تک مکمل ہوگا جس پر 48 ارب روپے کی لاگت آئے گی۔ 274 ملین ڈالر ایشین ڈیولپمنٹ بینک فراہم کرے گا۔