جمعہ, دسمبر 27, 2024
اشتہار

وزیراعظم کی ماہ رمضان میں عوام کو سستی اورمعیاری اشیاء کی فراہمی کیلئے ہدایات جاری

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : حکومت نے ماہ رمضان میں سیکیورٹی، پرائس کنٹرول اور عوام کو سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے وزارت داخلہ کو ہدایت جاری کردیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آفس کی جانب سے وزرات داخلہ اور صوبائی حکومتوں کو ماہ رمضان میں سیکیورٹی، پرائس کنٹرول اور عوام کو اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے کے سلسلے میں مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ صوبوں کے درمیان کوآرڈی نیشن میٹنگز یقینی بنائی جائیں۔

تمام صوبوں میں نچلی سطح تک پرائس کنٹرول کمیٹیاں تشکیل دے کر متعلقہ افسران کی منڈیوں میں موجودگی یقینی بنائی جائے، جن اشیاء کی قیمتیں بڑھنے کا احتمال ہے اس میں متبادل پلان تیار رکھا جائے۔

- Advertisement -

مراسلہ میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ ذخیرہ اندوزوں اوربلیک مارکیٹ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے، ہرضلع میں اہم مارکٹیوں کیلئے افسران کا ڈیوٹی روسٹر بنایا جائے اور متعلقہ قانون نافذ کرنے والےاداروں کو مجسٹریٹ کے اختیارات دیئے جائیں۔

مراسلہ کے مطابق کنٹرول پرائس کمیٹی کے افسران کو مجسٹریٹ کے اختیارات حاصل ہوں گے، کنٹرول پرائس افسران موقع پر ہی گراں فروشوں کےخلاف کارروائی کرسکیں گے۔

اس کے علاوہ سستے بازاروں کے قیام کو یقینی بنایا جائے، وزیراعظم آفس سے جاری کردہ مراسلہ میں ہدایت کی گئی ہے کہ ماہ رمضان میں لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں، تراویح کے دوران فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے، صوبائی سطح کے افسران ضلعوں میں اچانک دورے کریں۔

مراسلہ میں مزید ہدایات میں کہا گیا ہے کہ صوبوں سے روزانہ کی بنیاد پر طے شدہ فارمیٹ پر رپورٹ حاصل کی جائے، سحری اور افطاری کے اوقات میں بلاتعطل بجلی، گیس اور پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے، مراسلے میں وزیراعظم نے وزارت داخلہ کو انتظامات کی گائیڈ لائن جاری کرنے کی ہدایت بھی دی ۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں