اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے میاں نواز شریف کی تقریر نشر کرنے کی اجازت خود دی۔
تفصیلات کے مطابق ذرایع کا کہنا ہے کہ چند حکومتی معاونین اور وزرا نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی تقریر نشر کرنے پر قانونی جارہ جوئی کی تیاری کی تھی تاہم وزیر اعظم عمران خان نے انھیں کسی بھی قسم کے ایکشن سے روک دیا۔
ذرایع کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ نواز شریف کی تقریر نیوز چینل کو نشر کرنے دی جائے، وہ اپنی تقریر سے عوام میں خود بے نقاب ہوں گے۔
واضح رہے کہ نواز شریف کو بدعنوانی کے دو ریفرنسز میں احتساب عدالت نے مجرم قرار دے دیا تھا، جب کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے بھی 15 ستمبر کو سابق وزیر اعظم کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔
شکست خوردہ کرپٹ مافیا لوٹا مال بچانے کے لیے پھر جمع ہو رہا ہے: وزیر اعظم
وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا تھا کہ اگر مفرور سابق وزیر اعظم نے اے پی سی سے خطاب کیا اور اسے نشر کیا گیا تو پاکستان کے الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) اور دیگر قانونی آپشنز بروئے کار لائے جائیں گے۔
ایک ٹویٹ میں وزیر اعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے لکھا کہ ابھی قوم نے قوانین کے خلاف سزا یافتہ اشتہاری مجرم کا لائیو بھاشن سنا، میاں صاحب بضد ہیں کہ انھیں صرف وہ جج قبول ہیں جو انھیں ثبوتوں کے باوجود بری کرے۔