اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان اور صدر مملکت عارف علوی نے بھارتی غیر قانونی حراست میں کشمیری رہنما اشرف صحرائی کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے داعی اور حریت رہنما محمد اشرف صحرائی بھارتی قید میں 77 برس کی عمر انتقال کر گئے ہیں، وہ جموں کورٹ بلوال جیل میں اسیر تھے اور انھیں علاج معالجے کی سہولت بھی دستیاب نہیں تھی۔
وزیر اعظم عمران خان نے ٹوئٹ میں بھارتی غیر قانونی حراست میں کشمیری رہنما کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لکھا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی تسلط عالمی برادری کے ضمیر پر دھبہ ہے، ہم کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت جاری رکھیں گے، یو این قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت ملنا چاہیے۔
حریت رہنما محمد اشرف صحرائی کا بھارتی جیل میں انتقال
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے حریت رہنما محمد اشرف صحرائی کی وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ مرحوم نے کشمیر کے حق خود ارادیت کی جدوجہد میں گراں قدر خدمات سر انجام دیں، بھارت حریت قیادت کو قید میں رکھ کر آزادی کے جذبے کو دبا نہیں سکتا۔
حریت رہنما کی بھارتی جیل میں شہادت پر پاکستان کا ردعمل آگیا
انھوں نے کہا بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف اشرف صحرائی کی جدوجہد کو یاد رکھا جائے گا، صدر مملکت نے جدوجہد آزادئ کشمیر کے لیے مرحوم کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا، اور مطالبہ کیا کہ بھارت قید حریت قیادت اور بےگناہ کشمیریوں کو فی الفور رہا کرے۔
Deeply saddened by demise of Kashmiri ldr Ashraf Sehrai in illegal Indian custody. India's oppression of Kashmiris is a blot on int community's collective conscience. We will continue to support Kashmiris' just struggle for right to self-determination in acc with UNSC Resolutions
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) May 5, 2021
صدر مملکت نے اقوام متحدہ اور بین الاقوامی قیادت سے مطالبہ کیا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیا جائے، بین الاقوامی برادری کشمیر سے متعلق اپنے وعدوں اور ذمہ داریوں کو پورا کرے، دریں اثنا، صدر مملکت نے مرحوم کی درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔