منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

کرپشن اور ترقی کا سفر ایک ساتھ نہیں چل سکتا: وزیر اعظم

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مشکل فیصلے قوم اور ملک کے وسیع تر مفاد میں کر رہے ہیں۔ کرپشن اور ترقی کا سفر ایک ساتھ نہیں چل سکتا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے ان کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں آئینی، قانونی اور سیاسی معاملات پر مشاورت ہوئی۔

اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ قومی اداروں کی تنظیم نو کا عمل ڈی ریل نہیں ہوگا، پاکستان تیزی سے معاشی استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے۔ قوم کرپشن اور غربت سے نجات چاہتی ہے، مایوس نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ مشکل فیصلے قوم اور ملک کے وسیع تر مفاد میں کر رہے ہیں۔ کرپشن اور ترقی کا سفر ایک ساتھ نہیں چل سکتا۔

بابر اعوان نے کہا کہ قوم نے حکومتی پالیسیوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے، قومی ترقی کے لیے اداروں کی مضبوطی اور تنظیم نو ناگزیر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن کے مرکزی کردار ایک ایک کر کے بری طرح بے نقاب ہو چکے۔ احتساب کا عمل بلا امتیاز جاری ہے، لوٹ مار کرنے والے منطقی انجام کو پہنچیں گے۔

اس سے قبل وزیر اعظم کا ایک موقع پر کہنا تھا کہ 8 ماہ کی قلیل مدت میں عوامی فلاح و بہبود کے 36 منصوبے شروع کیے۔ عوام کو با اختیار بنانے کے لیے مقامی حکومتوں کا نظام متعارف کروا دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ پناہ گاہوں کے قیام کا منصوبہ کمزور اور نادار طبقوں کی فلاح کے لیے ہے۔ حکومت کو اپنی ذمہ داریوں کا مکمل احساس ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں