اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوم اقبال پر شاعر مشرق علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کیا۔
تفصیلات کے وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر یوم اقبال کے موقع پر حکیم الامت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا علامہ محمداقبال ایک عظیم صوفی تھے، وہ سائنس وٹیکنالوجی اورترقی پر یقین رکھتے تھے اور سائنس وٹیکنالوجی کوترقی کا ذریعہ سمجھتے تھے ، علامہ اقبال کے افکار ہمیں تحریک دیتے ہیں اورہماری رہنمائی کرتے ہیں۔
Iqbal's thoughts continue to inspire & guide.
"He is a great mystic, with a pure spirit, delivered of materiality and, at the same time, a man who respects and honors science, technological progress, and the advancement of human reason in our age."https://t.co/QGx0Gyvrp3— Imran Khan (@ImranKhanPTI) November 9, 2020
دوسری جانب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے علامہ محمد اقبال کی سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ عظیم مسلمان فلسفی اور شاعر مشرق علامہ محمد اقبال و بھرپور خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، وہ برصغیر کے مسلمانوں کے محسن اور بڑے مفکر تھے، جنہوں نے مسلمانوں کیلئے علیحدہ وطن کا خواب دیکھا اور اپنی تحریروں اور شاعری کےذریعے مسلمانوں کو اتحاد کا درس دیا۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال نے مسلمانوں میں انقلابی روح پھونکی اور مسلمانوں کے مفادات کے تحفظ کیلئے نمایاں خدمات انجام دیں اور برصغیر میں مسلم معاشرے کی نشاط ثانیہ کیلئے اہم کردار ادا کیا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا علامہ محمد اقبال کی سالگرہ کے موقع پر پیغام.
"ایک ہوں مسلم حرم کی پاسبانی کیلئے
نیل کے ساحل سے لیکر تابخاک کاشغر” pic.twitter.com/8aencxjOs5— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) November 9, 2020
عارف علوی نے کہا کہ شاعر مشرق کے فلسفہ خودی پر عمل ہمیں ترقی کی نئی بلندیوں تک پہنچا سکتا ہے، اہل وطن اور خصوصاً نوجوان نسل اُن کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر مسلم امہ کو درپیش مسائل پر قابو پا سکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ علامہ محمداقبال کا فلسفہ خودی اور اسلام پر اُن کے افکار عزت نفس اور انسانی وقار پر یقین رکھتے ہیں، ہمیں متحد رہنے کی سخت ضرورت ہے اور باہمی اختلافات بالائے طاق رکھ کر ملک کی سماجی اور معاشی ترقی کیلئے زیادہ عزم سے کام کرنا ہوگا۔
آج کا دن ہمیں امت مسلمہ کے اتحاد ، ترقی اور ملک میں خوشحالی کا درس دیتا ہے، ایک ہو ں مسلم حرم کی پاسبانی کیلئے نیل کے ساحل سے لیکر تابخاک کاشغر۔
خیال رہے شاعرمشرق مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال کا آج ایک سو تینتالیس واں یوم پیدائش انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے، مزار اقبال پر گارڈز تبدیلی کی پروقارتقریب ہوئی، جس میں پاک بحریہ کے چاق وچوبند دستے نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھالیے۔