کراچی : وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے، وزیراعظم سندھ کیلئے کامیاب جوان پروگرام کا افتتاح کریں گے جبکہ 15رکنی تاجروں کے وفد سے بھی ملاقات ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے ہیں، گورنر عمران اسماعیل اور وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے ایئرپورٹ پروزیراعظم کا استقبال کیا۔
دورے کے دوران وزیراعظم کو گورنرہاؤس میں امن و امان پر بریفنگ کےساتھ کراچی پیکج اور وفاقی منصوبوں کی تفصیل بتائی جائے گی جبکہ ان کی وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات بھی طے ہے، جس میں اہم امور پر بات چیت کی جائے گی اور آئی جی سندھ کلیم امام کی علیحدہ ملاقات ہوگی، جس کے بعد آئی جی سندھ کےمستقبل کےبارے میں فیصلہ بھی متوقع ہے۔
وزیراعظم سے جی ڈی اے سربراہ پیرپگارا کی کنگری ہاؤس میں ملاقات بھی ہوگی ، تاہم وزیراعظم کی ایم کیوایم پاکستان کےرہنماؤں سےملاقات شیڈول نہیں۔
وزیراعظم کراچی میں کامیاب جوان پروگرام کاافتتاح کریں گےاورنوجوانوں میں چیک تقسیم کریں گے جبکہ وزیراعظم کی کراچی کی 15رکنی تاجر برادری سے بھی اہم ملاقات ہوگی ، تاجروں کے وفد میں سراج قاسم تیلی،آغا شہاب ،عقیل کریم ڈھیڈی شامل ہوں گے۔
ملاقات میں گیس قیمتوں میں اضافہ، فیول ایڈجسٹمنٹ چارجزکےمعاملات پربات چیت ہوگی جبکہ صنعتوں میں گیس کی کمی اور ٹیکسز سےمتعلق معاملات پر تاجر وزیراعظم کو آگاہ کریں گے۔
دورے کے دوران وزیراعظم شوکت خانم اسپتال کی فنڈ ریزنگ میں بھی شرکت کریں گے۔