میانوالی: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہماری قوم مدینہ کی ریاست کے اصولوں پر کھڑی ہوگی، ہمیں سب سے پہلے اپنا قبلہ درست کرنے کی ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے میانوالی میں نمل یونیورسٹی کے یوم تاسیس اور کانووکیشن کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ وزیر اعظم نے طلبا میں اسناد تقسیم کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات کے وزیر شیخ نہیان کو نمل یونیورسٹی میں خوش آمدید کہتا ہوں، عرب امارات نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، مشکل معاشی حالات میں سعودی عرب اور چین نے بھی پاکستان کی مدد کی۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ والدین کے لیے خوشی کا دن ہے کہ ان کے بچوں نے عالمی معیار کی ڈگری حاصل کی، والدین سنجیدہ نہ ہوں خوشی منائیں یہ خوشی کا دن ہے۔ انشا اللہ اس جگہ پر پاکستان کی آکسفورڈ یونیورسٹی بنے گی۔
Live Stream: Prime Minister of Pakistan Imran Khan Speech at Annual Convention of Namal University , Mianwali (23.02.2020) #PrimeMinisterImranKhan @ImranKhanPTI https://t.co/fQl8TpcOWa
— Prime Minister’s Office, Pakistan (@PakPMO) February 23, 2020
انہوں نے کہا کہ اللہ نے یہ صلاحیت انسانوں کو دی ہے کہ آپ کچھ بھی کر سکتے ہیں، اللہ نے طاقت دی جو تصور اور خواب انسان دیکھتے ہیں وہ اسے پورا کر سکتے ہیں۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دنیا کی پہلی فلاحی ریاست کی بنیاد رسول ﷺ نے رکھی تھی، ہماری قوم مدینہ کی ریاست کے اصولوں پر کھڑی ہوگی۔ ہمیں سب سے پہلے اپنا قبلہ درست کرنے کی ضرورت ہے۔ رسولﷺ سے زیادہ کامیاب انسان دنیا میں آج تک نہیں آیا۔
انہوں نے کہا کہ جب برا وقت آتا ہے انسان سوچتا ہے کہ کوئی شارٹ کٹ لے لوں، برے وقت میں شارٹ کٹ لینے والوں نے ایمانداری سے کام نہیں کیا۔ برے وقت سے کبھی نہ ڈریں، اس کا مقابلہ کرنے میں ہی کامیابی کا راز ہے۔ انسان جدوجہد کے لیے ہی پیدا ہوا۔