اسلام آباد : وزیراعظم عمران کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وفاقی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کےفیصلے کی توثیق کرتے ہوئے صوبوں کوملازمین کی تنخواہوں میں اضافے پر خود فیصلہ کرنے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا ، اجلاس میں ملک کی سیاسی اقتصادی اور معاشی صورتحال پر غور کیا گیا۔
وفاقی کابینہ نے وفاقی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے فیصلےکی توثیق کردی، اس حوالے سے وزیردفاع پرویزخٹک نے وزیراعظم کو رپورٹ پیش کی ، صوبائی حکومتیں ملازمین کے معاملات صوبے دیکھیں گے، کابینہ نے صوبوں کوملازمین کی تنخواہوں میں اضافے پر خود فیصلہ کرنے کی ہدایت کردی ، گزشتہ روز شیخ رشید اورپرویزخٹک نے ملازمین سے مذاکرات کئے تھے۔
کورونا ویکسین بلا تفریق لگائی جائے گی، وزیراعظم
وفاقی کابینہ اجلاس کو ملک بھر میں کوروناویکسین سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ ترجیحات طےہیں ہیلتھ ورکرزکے بعد بزرگوں کو ویکسین لگے گی، وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ کورونا ویکسین بلا تفریق لگائی جائے گی اور صوبےویکسین کے عمل میں میرٹ ،شفافیت یقینی بنائیں۔
بیوروکریسی کی سرکاری معاملات میں عدم دلچسپی پرتحفظات کااظہار
بعض وزرا نے بیورو کریسی کی سرکاری معاملات میں عدم دلچسپی پر تحفظات کا اظہار کیا، وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے بیوروکریسی کی غیر سنجیدگی کا معاملہ سامنے رکھتے ہوئے کہا پلانٹڈ بیوروکریسی حکومتی اقدامات پرعملدرآمد میں رکاوٹ کھڑی کررہی ہے، زیادہ تر بیورو کریسی ٹھیک 12،10 افسران معاملات خراب کررہے ہیں۔
حکومتی اقدامات پرعملدرآمدنہ کرنے والےافسران کیخلاف کارروائی کاعندیہ
وزیراعظم عمران خان نے معاملے کی تہہ تک جانے کیلئے اقدامات کا فیصلہ کرتے ہوئے وزرا نے حکومتی اقدامات پرعملدرآمد نہ کرنے والے افسران کیخلاف کارروائی کاعندیہ دے دیا۔
وفاقی کابینہ نے مسرور خان کو چیئرمین اوگرا تعینات کرنے، 46آئی پی پیزکےساتھ معاہدے کی منظوری دے دی ، معاہدےکےتحت آئی پی پیزکو403 ارب روپے ادا کیے جائیں گے۔
وفاقی کابینہ نے30 مزید احتساب عدالتیں قائم کرنےکی منظوری بھی دی جبکہ اسلام آباد ایئر پورٹ میٹرو بس منصوبےپر وفاقی کابینہ کو بریفنگ دی گئی ، جس پر وزیرداخلہ کوایک ماہ میں منصوبےمیں حائل رکاوٹیں دورکرنےکی ہدایت کردی ہے۔
وفاقی کابینہ نے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ میں 3 ماہ کی توسیع اور 80 شوگرملزکی مانیٹرنگ کیلئے کیمروں کی تنصیب کی منظوری دے دی