اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزرا کو وزارتوں کی کارکردگی عوام تک پہنچانے اور حکومتی اورپارٹی ترجمان بغیر تیاری کےٹاک شوز پر نہ جانے کی ہدایت کردی جبکہ وزارتوں کی کارکردگی اور اقدامات پر ترجمانوں کو متواتر بریفنگ دینے کا فیصلہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت میڈیااسٹریٹیجی کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیراطلاعات فواد چوہدری، یوسف بیگ مرزا، ندیم افضل چن و دیگرشریک ہوئے۔
اجلاس میں حکومت کی میڈیاحکمت عملی پرتفصیلی غورکیاگیا اور وزیراعظم نے وفاقی وزرا کو وزارتوں کی کارکردگی عوام تک پہنچانے اور حکومتی اورپارٹی ترجمان بغیرتیاری کےٹاک شوزپرنہ جانے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں وزارتوں کی کارکردگی اور اقدامات پر ترجمانوں کو متواتر بریفنگ دینے کا فیصلہ کیا گیا اور اس سلسلے میں فواد چوہدری، یوسف بیگ، ندیم افضل اور فردوس عاشق پر مشتمل میڈیا ٹیم تشکیل دے دی گئی ہیں، 4 رکنی میڈیا ٹیم حکمت عملی پر عملدرآمد کی ذمہ دار ہوگی۔
یاد رہے 29 مارچ کو وزیراعظم عمران خان نے وزارتوں کی کارکردگی کا سہ ماہی جائزہ لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے رپورٹ طلب کی تھی، جس میں نومبر2018 سے اب تک کی کابینہ کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔
اس ضمن میں کابینہ میں شامل تمام وزیروں کو متعلقہ محکموں کی تیاری کے لیے دو ہفتے کا وقت دیا گیا تھا، وزارتوں کو رپورٹ پر بریفنگ کے لیے 30 منٹ کا وقت دیا جائے گا، جس کے بعد وزیر اعظم وزرا سے سوال جواب بھی کریں گے۔
خیال رہے وزیراعظم عمران خان نے وزرا کی کارکردگی پر نظرثانی کا انقلابی اقدام اٹھاتے ہوئے پانچ وفاقی وزارتوں کے قلمدانوں میں ردوبدل کا فیصلہ کیا ہے، وزیر خزانہ، داخلہ اور پٹرولیم کے وزرا کے قلمدان تبدیل کئے جائیں گے۔