اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کی روک تھام سے متعلق اجلاس میں اقتصادی سرگرمیاں معمول کے تحت بحال کرنے کیلئے منصوبہ بندی کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کورونا وائرس کی روک تھام سے متعلق اہم اجلاس ہوا ، اجلاس میں وزیر اطلاعات شبلی فراز،معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف، معاون اطلاعات عاصم سلیم باجوہ ،مشیر صحت ڈاکٹر ظفر مرزا سمیت حکومت کی معاشی ٹیم کے ارکان مشیرخزانہ حفیظ شیخ، رزاق داؤد، اسد عمر اور وزیرصنعت حماد اظہر بھی شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران لاک ڈاؤن میں کی گئی حالیہ نرمی کے بعد عوامی رد عمل سمیت ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا اور کورونا وائرس سے پڑنے والے اثرات،مستقبل کی منصوبہ بندی پربھی غور کیا۔
وزیراعظم کو وباء کے نتیجے میں پڑنے والے معاشی اثرات پر بھی بریفنگ دی گئی اور مشیر صحت ظفر مرزا نے وائرس سے متاثرہ افراد کے تازہ اعداد و شمار اور طبی سہولیات پر اعتماد میں لیا۔
اجلاس میں معاشی ٹیم نے شرکاء کو معاشی اعشاریوں میں بہتری کیلئے حکومت کی ممکنہ منصوبہ بندی اور مشیرخزانہ نےریلیف پیکج کےتحت جاری کی گئی رقم کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے اقتصادی سرگرمیاں معمول کے تحت بحال کرنےکیلئے منصوبہ بندی کی ہدایت کردی۔