جمعرات, مارچ 13, 2025
اشتہار

وزیر اعظم کی آئی ٹی سیکٹر سے متعلق پلان کو حتمی شکل دینے کی ہدایت

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے آئی ٹی سیکٹر سے متعلق قلیل ، وسط اور طویل مدتی پلان کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا نوجوانوں کیلئےآئی ٹی سیکٹرکلیدی اہمیت رکھتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت آئی ٹی سیکٹر کےفروغ سے متعلق اجلاس ہوا، اجلاس میں آئی ٹی ایکسپرٹ مسعود جبار، چئیرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر)عامر عظیم باجوہ، چیئرمین اسپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی عامر ہاشمی اور سی این آئی ٹی بی شباہت علی شریک ہوئے۔

اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آئی ٹی سیکٹر کے حوالے سے ملک میں بے انتہاصلاحیت موجود ہے، نوجوانوں کی صلاحیت بروئے کار لانے میں آئی ٹی سیکٹر کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کوویڈ کی وجہ سے جہاں مختلف چیلنجز سامنے آئے ہیں ، گھر سے بیٹھ کر کام کرنے کے حوالے سےبے شمار مواقع پیدا ہوئے ہیں، حکومت آئی ٹی ماہرین خصوصاً فری لانسرز منظم کرنے کےاقدامات کر رہی ہے۔

اجلاس میں وزیرِ اعظم نے ملک میں اسپیشل ٹیکنالوجی زونز کے قیام کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ایس ٹی زیز کا قیام آئی ٹی سیکٹر کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

عمران خان نے ہدایت کی کہ آئی ٹی سے متعلق قلیل، وسط اورطویل مدتی حکمت عملی کو حتمی شکل دی جائے تاکہ اس پر فوری عمل شروع کیا جا سکے۔

اجلاس میں آئی ٹی سیکٹر کے فروغ پرمختلف قلیل، وسط اور طویل مدت اقدامات پر غورکیا گیا اور بریفنگ میں بتایا گیا کہ آئی ٹی میں 5ارب ڈالر زرمبادلہ کمانے کی صلاحیت موجود ہے ، سیکٹر غیرمنظم اور سہولتوں کے فقدان کے باعث زرمبادلہ استعداد سے بہت کم ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں