اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت خصوصی اقتصادی زونز سے متعلق اجلاس ہوا، وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بجلی، گیس، پانی اور روڈ انفرا اسٹرکچر کی دستیابی اولین ترجیح ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک میں خصوصی اقتصادی زونز کے قیام سے متعلق مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں معاشی ٹیم کے ارکان اور اقتصادی ماہرین شریک ہوئے۔
اجلاس میں معاشی سرگرمیاں تیز کرنے سمیت اقتصادی ترقی کے معاملات کا جائزہ کیا گیا۔ اب تک کے حکومتی فیصلوں پرعملدر آمد کی رپورٹ بھی وزیر اعظم کو پیش کردی گئی۔
اجلاس کو مختلف حصوں میں قائم خصوصی اقتصادی زونز کی صورتحال اور صنعتوں کے لیے سہولتوں کی فراہمی اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بریفنگ دی گئی۔ چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ زبیر گیلانی نے خصوصی اقتصادی زونز پر بریفنگ دی۔
بریفنگ کے دوران صنعتوں کو حکومت کی جانب سے دی جانے والی مراعات سے آگاہ کیا گیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے اقتصادی زونز کو جلد مکمل طور پر فعال بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بجلی، گیس، پانی اور روڈ انفرا اسٹرکچر کی دستیابی اولین ترجیح ہے، خصوصی اقتصادی زونز کی فعالیت اور صنعتی عمل کو تیز کیا جائے۔ اقتصادی زونز کاروباری طبقے کو درپیش مشکلات دور کرنے کے لحاظ سے اہم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں اور ہنر مندوں کے لیے روزگار پیدا کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
اجلاس میں متعلقہ اداروں کے لیے چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ کو فوکل پرسن مقرر کردیا گیا، زبیر گیلانی سہولتوں کی دستیابی کا ٹائم فریم مقرر کر کے رپورٹ پیش کریں گے۔