اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

مقامی حکومتوں کا نیا نظام حقیقی معنوں میں انقلاب برپا کرے گا: وزیر اعظم

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مقامی حکومتوں کا نیا نظام حقیقی معنوں میں انقلاب برپا کرے گا، مقامی حکومتیں قومی قیادت کی نرسریاں ثابت ہوں گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت مقامی حکومتوں کے نئے نظام پر اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر دفاع پرویز خٹک، گورنر و وزیر اعلیٰ پختونخواہ شاہ فرمان اور محمود خان، اسد عمر، صوبائی وزیر تیمور جھگڑا اور شہرام ترکئی شریک ہوئے۔

اجلاس میں مقامی حکومتوں کے نئے نظام پر عملدرآمد سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کو پختونخواہ اور پنجاب میں مقامی حکومتوں کے نئے نظام کے خدوخال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مقامی حکومتوں کا نیا نظام حقیقی معنوں میں انقلاب برپا کرے گا، نئے نظام کے تحت مقامی طور پر منتخب نمائندگان کو بااختیار بنایا گیا تاکہ مقامی سطح کے مسائل کے حل اور علاقوں کی تعمیر و ترقی میں دشواری پیش نہ آئے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مقامی حکومتیں قومی قیادت کی نرسریاں ثابت ہوں گی۔ نئے نظام کے تحت ترقیاتی فنڈز کی مقامی سطح پر منتقلی ہوگی۔ نہ صرف بنیادی مسائل کا حل ممکن ہوگا بلکہ فنڈز کی امتیازی تقسیم بھی ختم ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ذاتی پسند نا پسند پر فنڈز کے مخصوص علاقوں میں استعمال کی روک تھام ممکن ہوگی۔ تحصیل اور میونسپل سطح پر براہ راست انتخاب سے عوام کو فائدہ ہوگا۔ براہ راست انتخابات سے عوام کو قابل نمائندگان منتخب کرنے کا موقع ملے گا۔

وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ مقامی حکومتوں کے نظام سے سیاسی جماعتیں بھی مضبوط ہوں گی، با اختیار نمائندگان بلا رکاوٹ بھرپور توانائیاں تعمیر و ترقی پر لگائیں گے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں