اتوار, مئی 4, 2025
اشتہار

وزیر اعظم عمران خان ملک میں سائنس و ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے پرعزم

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے سائنس و ٹیکنالوجی اصلاحات سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے فروغ میں تعاون فراہم کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری، وزیر مملکت شہریار آفریدی، مشیر تجارت رزاق داؤد، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ اور متعلقہ وفاقی سیکریٹریز شریک ہوئے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر فواد چوہدری نے ٹیکنالوجی مصنوعات کی برآمدات میں اضافے اور درآمدات میں کمی لانے کے لیے متبادل درآمدات کے حوالے سے بریفنگ دی۔

وفاقی وزیر نے بائیو ٹیکنالوجی پر مبنی مصنوعات کی پیداوار، برآمدات میں اضافے اور ہائی ٹیک مصنوعات کے فروغ پر بھی بریفنگ دی۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے 252 مصنوعات کی نشاندہی کی۔ مصنوعات کی پیداوار اور معیار بہتر بنا کر عالمی سطح پر زر مبادلہ کمایا جا سکتا ہے۔ ان مصنوعات سے درآمدات میں خاطر خواہ کمی لائی جا سکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی 3، 7 اور 10 سالہ پروگرام مرتب کر رہی ہے۔

فواد چوہدری نے ہائی ٹیک انڈسٹریل ڈویلپمنٹ کے ضمن میں استعداد اور اگلے لائحہ عمل پر بھی بریفنگ دی جبکہ متعدد اہم منصوبوں پر تجاویز پیش کیں۔ بریفنگ میں مزید کہا گیا کہ پہلے مرحلے میں ہربل، فوڈ اور ادویات کے شعبے پر توجہ دی جائے گی۔

وزیر اعظم عمران خان نے وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی تجاویز کو سراہا اور کہا کہ حکومت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے فروغ میں تعاون فراہم کرے گی۔

فواد چوہدری نے بتایا کہ پی سی ایس آئی آر کی لاہور میں 25 ایکڑ زمین قبضہ مافیا سے واگزار کروائی، زمین سیاسی رہنما کے قریبی رشتے دار سے واگزار کروائی گئی جو اثر و رسوخ کی بنیاد پر زمین پر قابض تھا۔

وزیر اعظم نے وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور وزارت کے افسروں کی کارکردگی کو سراہا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں