اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اسمگلنگ ملکی معیشت کے لئے ناسور ہے، اسمگلنگ کے خلاف کارروائی میں کوئی رعایت یاسمجھوتہ نہیں ہوگا ، متعلقہ ادارےاسمگلنگ کیخلاف کارروائی کی رپورٹ ہر15دن بعد پیش کریں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں وزیرصنعت حماداظہر،سیدفخرامام،مشیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ،رزاق داؤد، سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری خزانہ،سیکرٹری فوڈسیکیورٹی،چیئرمین ایف بی آر شریک ہوئے جبکہ چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز،ہوم سیکرٹریز،آئی جیز نے بھی ویڈیولنک کے ذریعے شرکت کی۔
اجلاس میں انسداداسمگلنگ اوربنیادی اشیائےضروریہ کی قیمتوں میں کمی کاجائزہ لیا گیا، بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسمگلنگ کی روک تھام کےلئےآرڈیننس کا اطلاق کیا گیاہے، کرنسی،اشیائےضروریہ کی اسمگلنگ پرقانون مزید سخت کردیئے ہیں جبکہ سرحدوں،ایئرپورٹس پرقانون نافذکرنےوالےاداروں کواختیارات دیے گئے ہیں۔
بریفنگ میں کہا گیا یہ اختیاردیاگیاہےکہ وہ اسمگلنگ کی کارروائی کےخلاف ایکشن کر سکیں، نئےقانون میں اسمگلنگ میں ملوث عناصرکوحفاظتی تحویل میں لینےکااختیارہے، ضلعی انتظامیہ،کسٹم،حساس اداروں کےدرمیان کوآرڈینیشن بہتر کی گئی ہے۔
چیئرمین ایف بی آر نے انسداداسمگلنگ آرڈیننس کےنفاذ کے بعد اقدامات سے آگاہی دی جبکہ صوبائی چیف سیکرٹریزکی اسمگلنگ کی روک تھام سے متعلق اقدامات پرتفصیلی بریفنگ دی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اسمگلنگ ملکی معیشت کے لئے ناسور ہے، اسمگلنگ ملکی معیشت کو2طریقوں سےنقصان پہنچاتی ہے، اس کی وجہ سے فوڈ سیکیورٹی کو خطرات لاحق ہوجاتےہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ بنیادی اشیائےضروریہ کی قلت سےعوام کومشکلات ہوتی ہیں، اسمگلنگ کی وجہ سےملکی صنعت کوناقابل تلافی نقصان پہنچتا ہے ، سارے معاملےسے صنعتی عمل رک جاتا ہے۔
وزیراعظم نے واضح کہا کہ اسمگلنگ کے خلاف کارروائی میں کوئی رعایت یاسمجھوتہ نہیں ہوگا ، متعلقہ ادارےاسمگلنگ کیخلاف کارروائی کی رپورٹ ہر 15دن بعد پیش کریں۔
چیف سیکرٹریزنے وزیراعظم کوگندم پیداوار،کٹائی،مجموعی صورتحال پربریفنگ دی ، بنیادی اشیائے کی قیمتوں میں کمی سےمتعلق اقدامات پربھی وزیراعظم کو اعتمادمیں لیاگیا۔
صوبائی حکومتوں نے منافع خوروں کےخلاف کارروائی کی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی جبکہ وزیرصنعت حماداظہر نے سیمنٹ،اسٹیل،کوکنگ آئل قیمت میں کمی کی کوشش اور یوٹیلٹی اسٹورز پر کنٹرول نرخوں پراشیافراہمی کی صورتحال سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پٹرول،ڈیزل کی قیمت میں کمی کامقصدعوام کوریلیف فراہم کرناتھا، فیول قیمتوں میں کمی کافائدہ عوام تک پہنچایاجانا یقینی بنایاجائے، صوبائی حکام اس سلسلے میں متحرک کرداراداکریں۔