اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے وزارت تعلیم کی قومی نصاب پرعملدرآمد کی کارکردگی پر اظہاراطمینان کرتے ہوئے ہدایت کی کہ چھٹی تا بارہویں نصاب کو سال کے آخر تک حتمی شکل دے دی جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت یکساں نصاب تعلیم پر عملدرآمد سےمتعلق اجلاس ہوا ، جس میں وفاقی وزیر شفقت محمود نے سیرت النبیﷺکی تعلیمات سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا تمام مکاتب فکر خصوصاً علمائےکرام سے تفصیلی مشاورت کی گئی ،اساتذہ کی ٹریننگ اور امتحانات کے معیار پر توجہ دی گئی ہے.
اجلاس میں وزیر اعظم نے کہا کہ سیرت النبی ﷺ ہی ہماری نئی نسل کیلئے مشعل راہ ہے، سیرت النبیﷺکا سب سے اہم پہلواخلاق وآداب ،حسن معاشرت ہے، معاشرتی مسائل کا بہترین حل سیرت النبی ﷺ کی تعلیمات میں ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ تاریخ اسلام کیساتھ سنہرے اصول بچوں کو پڑھائے اور سمجھائے جائیں، یکساں نصاب تعلیم پر عملدرآمد صوبائی اشتراک سے جلد مکمل کیا جائے۔
وزیر اعظم نے وزارت تعلیم کی قومی نصاب پرعملدرآمد کی کارکردگی پر اظہاراطمینان کرتے ہوئے کہا نصاب تعلیم پرعملدرآمد کا مسلسل جائزہ لیا جائے اور ضرورت کے مطابق نصاب تعلیم میں تبدیلیاں لائی جائیں ۔
عمران خان نے ہدایت کی کہ چھٹی تا بارہویں نصاب کو سال کے آخر تک حتمی شکل دے دی جائے۔