اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کا اجلاس جاری ہے جس میں کابینہ میں حالیہ تبدیلی، معیشت اور سیاسی صورتحال پر غور کیا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کا اجلاس چیئرمین سیکریٹریٹ بنی گالہ میں جاری ہے۔ اجلاس میں وزیر اعظم کی جانب سے کابینہ میں حالیہ تبدیلیوں پر ارکان کو بریفنگ دی جارہی ہے۔
اجلاس میں شیخ رشید، عمر ایوب، مراد سعید، عثمان ڈار، افتخار درانی، ندیم افضل چن، خسرو بختیار، حماد اظہر، مرزا شہزاد اکبر، فیصل جاوید، عمر چیمہ، فیصل واوڈا اور فردوس عاشق اعوان شریک ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کارکردگی بہتر بنانے سے متعلق ارکان کو ہدایات دے رہے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی تنقید کے جواب میں جارحانہ رد عمل اپنایا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پارٹی بیانیہ پر بات چیت ہوگی، معیشت اور سیاسی صورتحال کا جائزہ بھی لیا جائے گا جبکہ حکومتی اقدامات کی عوام میں مؤثر آگاہی پر حکمت عملی بھی طے کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم معاشی استحکام سے متعلق اقدامات سے بھی آگاہ کریں گے۔