اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ تجاویز کی منظوری دے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت بجٹ سےمتعلق کابینہ کاخصوصی اجلاس ہوا، جس میں بجٹ پیپرز اور فنانس بل 2021 پیش کیا گیا۔
وفاقی کابینہ نے آئندہ مالی سال کے بجٹ تجاویز کی منظوری دے دی جبکہ نئے بجٹ میں فنانس بل تجاویز کی ترمیم کیساتھ منظوری دی اور ساتھ ہی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں،پنشن میں 10فیصداضافے کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا احساس پروگرام کےبجٹ میں اضافہ کیا جارہا ہے، بجلی،خوراک کے شعبے میں سبسڈی بڑھائی جارہی ہے اور کامیاب جوان پروگرام ،ہاؤسنگ منصوبوں کیلئےگرانٹس میں اضافہ کیا جارہا ہے۔
بعد ازاں شیخ رشید نے اپنے گفتگو کرتے ہوئے کہا بجٹ میں سرکاری ملازمین کامقدمہ لڑا ہے ، اپوزیشن اکٹھی نہیں اوراپنارونا رو رہی ہے ، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی اکٹھی نہیں ہیں، بجٹ آرام سے منظور ہوجائے گا۔
دوسری جانب نئے مالی سال کے بجٹ سے متعلق دستاویزات پارلیمنٹ ہاؤس پہنچادی گئیں ، بجٹ کی تفصیلات پر مبنی کتابیں ارکان کواجلاس شروع ہوتے ہی دی جائیں گی۔
دستاویزات میں رواں مالی سال کےاہم اعدادوشمار،بجٹ کےتجویزاہداف شامل ہیں ، وفاقی حکومت آج 8 ہزار 400 ارب کا بجٹ قومی اسمبلی اجلاس میں پیش کرے گی۔
حکومت نے ٹیکس وصولی کا ہدف 5ہزار800ارب روپے رکھا ہے جبکہ دفاع کے لئے 1330 ارب اور ترقیاتی بجٹ کےلئے900ارب مختص کرنےکی تجویز ہے۔