اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے پنجاب میں وزیراعلیٰ کیخلاف تحریک عدم اعتماد اور قومی اسمبلی اجلاس سے متعلق حکمت عملی پر مشاورت کیلئے پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا ، سیاسی کمیٹی کا اجلاس آج سہ پہر 3 بجے بنی گالہ میں ہو گا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں سیاسی صورتحال پر غور ہو گا اور پنجاب میں وزیراعلیٰ کیخلاف تحریک عدم اعتمادپربھی مشاورت ہو گی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں اتحادیوں کے ساتھ رابطوں پر بھی بریفنگ دی جائے گی اور قومی اسمبلی اجلاس سے متعلق حکمت عملی پربھی مشاورت ہوگی۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سیاسی کمیٹی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے جبکہ عثمان بزدار کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات ہوگی۔
خیال رہے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن ارکان نے وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرادی، عدم اعتماد پر ن لیگ کے 122 اور پیپلزپارٹی کے 6ارکان کےدستخط موجود ہیں۔
تحریک عدم اعتماد پیش ہونے کے بعد وزیراعلیٰ اسمبلی تحلیل نہیں کرسکیں گے جبکہ اسمبلی رولز کے مطابق تحریک عدم اعتماد جمع ہونے پر اسپیکر 14دن میں اجلاس بلانے کے پابند ہیں۔