جمعہ, جولائی 4, 2025
اشتہار

لیدر کی صنعت: وزیر اعظم نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرا دی

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: لیدر کی صنعت کے فروغ کے لیے وزیر اعظم نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرا دی، ان کا کہنا تھا کہ لیدر کی صنعت کو پوری صلاحیت پر چلانے کے لیے حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق آج وزیرِ اعظم عمران خان سے پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی، جس میں وزیرِ اعظم کو پاکستانی لیدر کی دنیا میں بڑھتی طلب سے آگاہ کیا گیا۔

ملاقات میں وفاقی وزیر حماد اظہر، مشیرِ تجارت عبدالرزاق داؤد اور دیگر نے شرکت کی، وزیر اعظم کو بریفنگ میں کہا گیا کہ پاکستانی لیدر اعلیٰ معیار ہونے اور کم لاگت کی بدولت دنیا بھر میں مقبول ہے، پاکستانی لیدر مقبول برانڈز کو برآمد کر کے اربوں ڈالرز زر مبادلہ کمایا جا سکتا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان میں بھیڑ، بکری، گائے اور بھینس کا چمڑا اعلی معیار اور وافر مقدار میں تیار ہوتا ہے، تاہم کرونا وبا اور دیگر وجوہ پر صنعت کو اپنے اہداف پورے کرنے میں مشکلات درپیش ہیں۔

وزیر اعظم نے وفد سے کہا کہ ایسی صنعتیں جو ویلیو ایڈڈ برآمدات کا ذریعہ ہیں، ان کو فروغ دیا جائے گا، لیدر کی صنعت کو پوری صلاحیت پر چلانے کے لیے حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی، صنعتوں کے فروغ کے لیے حکومت ترجیحی بنیاد پر اقدامات کر رہی ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں