جمعرات, فروری 6, 2025
اشتہار

وفاقی حکومت کا ملک کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے اہم فیصلہ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات پر ملک کو منشیات سے پاک کرنے کی کوششیں تیز کردی گئیں، بڑے منشیات اسمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن اور ان کی گرفتاریوں کا فیصلہ کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر اعلیٰ سطح کے اجلاس میں بڑے منشیات اسمگلرز پر ہاتھ ڈالنے کا حتمی فیصلہ کرلیا گیا۔

اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت وزیر انسداد منشیات اعظم سواتی اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے کی۔ اجلاس میں صوبوں کے آئی جیز، رینجرز کے ڈی جیز، ڈی جی اے ایف ایف، ایف سی کمانڈنٹس اور کوسٹ گارڈز کے سربراہ شریک ہوئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے لیے سول و عسکری ادارے ایک صفحے پر ہیں، منشیات فروشوں کے خلاف پوری قوت سے مشترکہ آپریشنز شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

کریک ڈاؤن سے قبل حساس اداروں نے بڑے منشیات اسمگلرز کی ابتدائی فہرست تیار کرلی، تصدیق کے لیے فہرست دوبارہ حساس اداروں کے حوالے کردی گئی، حتمی فہرست کی بنیاد پر کریک ڈاؤن اور گرفتاریاں شروع ہوں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں منشیات اسمگلرز کے خلاف مشترکہ آپریشن کا طریقہ کار طے کر لیا گیا ہے، وفاقی وزارت انسداد منشیات، اسمگلرز کے تمام آپریشنز کو لیڈ کرے گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ مالی، تکنیکی اور لاجسٹک وسائل کی کمی نہیں آنے دی جائے گی، بیرون ملک سے ملنے والی مالی معاونت انسداد منشیات سرگرمیوں پر خرچ ہوگی۔

علاوہ ازیں شہروں، تعلیمی اداروں اور گلی محلوں میں بھی منشیات کی سپلائی روکنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں