اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے ملک میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو فروغ دینے کیلئے 14 رکنی قومی رابطہ کمیٹی تشکیل دے دی، غربت کے خاتمے، روزگارکی فراہمی، معاشی صورتحال کی بہتری کا پلان تیار کیا جائے گا ۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو فروغ دینے کا منصوبہ تیار کرلیا گیا اور اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے 14 رکنی قومی رابطہ کمیٹی تشکیل دے دی، کمیٹی ملک میں اسمال اینڈ میڈیم انڈسٹری کے فروغ کیلئے تجاویز تیارکرے گی۔
غربت کے خاتمے، روزگارکی فراہمی، معاشی صورتحال کی بہتری کا پلان تیار کیا جائے گا ، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار ،چاروں صوبائی چیف سیکریٹریز کمیٹی میں شامل ہیں جبکہ وزارت تجارت،خزانہ،پاور،پٹرولیم ،قانون کے وفاقی سیکریٹریز ، چیئرمین ایف بی آر،چیئرمین ایس ای سی پی،ڈپٹی گورنراسٹیٹ بینک بھی کمیٹی کا حصہ ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نےکمیٹی کیلئے ٹی او آرز کی بھی منظوری دےدی ، ٹی او آرز کے تحت حکومت چھوٹے اور درمیانے کاروباری طبقے کی حوصلہ افزائی کرے گی۔
وفاقی وزارت صنعت کمیٹی کو سیکرٹریٹ فراہم کرے گی ، ایس ایم ای پالیسی کے ڈرافٹ کو دو ہفتےمیں حتمی شکل دی جائے گی، ایس ایم ایز کے مسائل اور ان کا ممکنہ حل تلاش کیا جائے گا۔
کاروبار میں آسانی کے لیے قانونی اور ریگولیٹری ترامیم تجویز اور ایس ایم ایز پر بوجھ کم کرنےکیلئے ریگولیٹری گلوٹین تجاویز کی جائیں گی، صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹی کا ہفتہ وار اجلاس ہوگا۔
ایس ایم ای سیکٹر کے ایشوز کے حل کے لیے کوآرڈینیشن بہتر بنائی جائے گی اور ایس ایم ایز کی کارکردگی جانچنے کے لیے طریقہ کار وضع کیا جائے گا ، کمیٹی کے کنوینئر ہفتے میں ایک بار وزیراعظم کو بریفنگ دیں۔